سائیکو کیوں کہا؟ انٹرویو کے دوران اداکارہ میرا میزبان پر برہم
فلم میں ڈپریشن جیسے سنجیدہ سماجی مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا ایک انٹرویو کے دوران خود کو “سائیکو” قرار دیے جانے پر برہم ہو گئیں اور فنکاروں کے ساتھ احترام سے پیش آنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزبان نے اداکارہ سے ان کی نئی فلم “سائیکو” کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ پہلے بھی “سائیکو” تھیں، فلم میں ایسا ہی کردار ادا کیا اور اب تک اس کردار سے باہر نہیں آ سکیں۔
میزبان کے اس جملے پر میرا نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اعتراض کیا اور کہا کہ فنکاروں کو ان کے اپنے ملک میں عزت ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں فنکاروں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی تو یہ افسوسناک بات ہوگی جبکہ دیگر ممالک میں بھی ہمارے کام کو سراہا جاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں یہ تاثر دینا مناسب نہیں لگتا کہ وہ ذاتی طور پر بھی ویسی ہی ہیں جیسا کہ ان کے کردار کو پیش کیا جا رہا ہے۔ میں نے فلم میں ایک نہایت مشکل اور چیلنجنگ کردار ادا کیا ہے جس کے لیے بہت محنت کی گئی۔
میرا نے فلم کے ہدایت کار شان شاہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے ایک منفرد موضوع پر کام کیا ہے جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ فلم میں ڈپریشن جیسے سنجیدہ سماجی مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ عوام میں شعور پیدا ہو اور اس موضوع پر مثبت گفتگو کو فروغ ملے۔