ذہنی امراض سے متعلق آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے، ماہرہ خان کا بیان وائرل
معاشرتی رویوں اور سوچ میں مثبت تبدیلی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق آگاہی بڑھانے اور اس موضوع پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔
لندن میں منعقدہ برٹش ایشین ٹرسٹ کی ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ آج بھی بہت سے لوگ ذہنی صحت یا مینٹل ہیلتھ کے مسائل پر بات کرتے ہوئے جھجک اور شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح ہیں اور انہیں بھی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں مختلف اداروں اور شخصیات کا کردار نہایت اہم ہے۔
اداکارہ نے معاشرے میں ہراسانی اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات قابلِ مذمت ہیں۔
ماہرہ خان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرتی رویوں اور سوچ میں مثبت تبدیلی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دے کر مثال قائم کی جانی چاہیے۔