فیفا ورلڈ کپ 2026 فٹبال کے کئی عظیم کھلاڑیوں کے لیے عالمی اسٹیج پر آخری حاضری ثابت ہوسکتا ہے۔ عمر، فٹنس مسائل اور مستقبل کے غیر یقینی امکانات کے باعث متعدد معروف فٹبالرز ممکنہ طور پر اپنے آخری ورلڈ کپ میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو – پرتگال
41 سالہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اپنے ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ رونالڈو نے رواں سیزن میں النصر کے لیے 37 میچز میں 30 گول اسکور کیے جبکہ پرتگال کے لیے ان کے مجموعی گولز کی تعداد 143 تک پہنچ چکی ہے۔

رونالڈو کے شاندار کیریئر میں ورلڈ کپ ٹرافی واحد بڑا اعزاز ہے جو اب تک ان کے نام نہیں ہو سکا، اس لیے 2026 کا ٹورنامنٹ ان کے لیے آخری موقع تصور کیا جا رہا ہے۔
لیونل میسی – ارجنٹینا
38 سالہ لیونل میسی بھی اپنے ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی قیادت کریں گے۔

ارجنٹینا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے اور سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی میسی کو ٹورنامنٹ سے قبل انجری مسائل کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث ان کی مکمل فٹنس پر سوالات موجود ہیں۔ تاہم آٹھ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے میسی اب بھی ارجنٹینا کی سب سے بڑی امید سمجھے جاتے ہیں۔
لوکا موڈرچ – کروشیا
40 سالہ کروشین کپتان لوکا موڈرچ اپنے پانچویں ورلڈ کپ میں میدان میں اتریں گے، جو ان کا آخری عالمی کپ بھی ہو سکتا ہے۔

موڈرچ نے 2018 میں کروشیا کو ورلڈ کپ فائنل تک پہنچانے اور 2022 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ حالیہ سرجری کے باوجود ٹیم کو اب بھی ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور مڈفیلڈ میں تخلیقی کھیل کی ضرورت ہے۔
نیمار جونیئر – برازیل
برازیل کے ہمہ وقت سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی نیمار 34 برس کی عمر میں ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔

ڈھائی سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے نیمار کو ماضی میں متعدد انجریز کا سامنا رہا ہے۔ اگرچہ وہ رونالڈو اور میسی سے کم عمر ہیں، تاہم 2030 کے ورلڈ کپ تک ان کی عمر 38 برس ہو جائے گی، جس کے باعث 2026 کا ٹورنامنٹ ان کا آخری ورلڈ کپ سمجھا جا رہا ہے۔
مینوئل نوئر – جرمنی
جرمنی کے تجربہ کار گول کیپر مینوئل نوئر 40 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ سے واپسی کے بعد ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

نوئر اپنے کیریئر میں چار ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں اور 2014 میں جرمنی کی عالمی ٹائٹل جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 2026 کا ایونٹ ان کے لیے بھی عالمی کپ کا آخری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
محمد صلاح – مصر
افریقا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار کیے جانے والے محمد صلاح نے لیورپول کے ساتھ شاندار کامیابیوں کے بعد عالمی شہرت حاصل کی اور کلب کے ساتھ 9 بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔

33 سالہ صلاح اگرچہ اب اپنے کیریئر کے عروج پر نہیں رہے تاہم مصر کے شائقین اب بھی ان سے بڑی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ان کا دوسرا اور شاید آخری ورلڈ کپ ہو۔
کیون ڈی بروئنے – بیلجیم
2014 سے 2022 تک بیلجیم کی ”گولڈن جنریشن“ کے اہم رکن رہنے والے کیون ڈی بروئنے اب بھی کلب اور قومی ٹیم کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس ماہ 35 برس کے ہونے والے ڈی بروئنے کے لیے 2026 کا ورلڈ کپ چوتھی اور غالباً آخری عالمی کپ شرکت ہوگی۔ بیلجیم کی کامیابی کی امیدیں بڑی حد تک ان کی کارکردگی سے وابستہ ہیں۔
ورجل وین ڈائک – نیدرلینڈز
نیدرلینڈز کے کپتان اور تجربہ کار دفاعی کھلاڑی ورجل وین ڈائک اگلے ماہ 35 برس کے ہو جائیں گے۔

لیورپول کے ساتھ چیمپئنز لیگ اور پریمیئر لیگ جیتنے والے وین ڈائک اگرچہ اب اپنے بہترین دور سے آگے نکل چکے ہیں، تاہم وہ اب بھی ڈچ ٹیم کے اہم ستون سمجھے جاتے ہیں۔ 2026 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا تیسرا اور ممکنہ طور پر آخری عالمی کپ ہوگا۔
سادیو مانے – سینیگال
سینیگال کے اسٹار ونگر سادیو مانے 2022 کے ورلڈ کپ سے قبل انجری کے باعث ایونٹ سے محروم ہو گئے تھے اور اب وہ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

34 سالہ مانے اپنے سنہری دور سے آگے نکل چکے ہیں، تاہم وہ اب بھی سینیگال کی ٹیم کے لیے تحریک اور تخلیقی صلاحیتوں کا بڑا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں۔ یہ ان کا تیسرا اور غالباً آخری ورلڈ کپ ہوگا، خاص طور پر اس تناظر میں کہ وہ پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ حالیہ افریقی کپ آف نیشنز ان کا آخری ٹورنامنٹ تھا۔
گیلرمو اوچوا – میکسیکو
میکسیکو کے تجربہ کار گول کیپر گیلرمو اوچوا بھی لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی طرح ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ اگلے ماہ 41 برس کے ہونے والے اوچوا گزشتہ چند برسوں سے قومی ٹیم سے باہر تھے، تاہم اپنے ملک میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے انہیں دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اوچوا ماضی میں میکسیکو کی ورلڈ کپ مہمات کے نمایاں ہیروز میں شمار ہوتے رہے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر وہ بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
ورلڈ کپ 2026 پر سب کی نظریں
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا 11 جون سے آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ کو نہ صرف عالمی فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ یہ کئی عظیم کھلاڑیوں کے عالمی کیریئر کا آخری باب بھی ثابت ہوسکتا ہے، جس کے باعث شائقین کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔