امریکا کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دے رہے ہیں: ایران

ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت کے آثار سامنے آئے ہیں۔ ایرانی اور امریکی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل آگے بڑھ رہا ہے اور آئندہ چند روز میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ اور مذاکراتی وفد کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ممکنہ مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے کے لیے رابطے جاری ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق اسماعیل بقائی نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دونوں ممالک کے مؤقف میں قربت آئی ہے، تاہم حتمی نتائج کے لیے آئندہ چند دن اہم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ کے خاتمے پر توجہ دے رہا ہے، جب کہ مختلف معاملات پر سفارتی رابطے مسلسل جاری ہیں۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات اب بھی موجود ہیں، تاہم مذاکراتی عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مختصر مدت میں کسی بڑے نتیجے کی توقع نہیں کی جا سکتی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی تاریخ طویل ہے۔

دوسری جانب بھارت کے دورے پر موجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی مذاکراتی عمل میں پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

ْالجزیرہ‘ کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق سفارتی کوششیں جاری ہیں اور پس پردہ مختلف سطح پر کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے آج، کل یا آئندہ چند روز میں اس حوالے سے کوئی اہم پیش رفت سامنے آ جائے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی راستہ کھلا رکھنا چاہتے ہیں، جب کہ پاکستان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک بھی ثالثی کوششوں میں سرگرم ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles