سہیل آفریدی اور محسن نقوی کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں، علاج معالجے، احتجاجی سیاست اور ممکنہ مذاکرات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل پشاور میں ہونے والی یہ ملاقات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جو انہی کی درخواست پر طے پائی تھی۔ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی ایک ہمشیرہ بھی شریک تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقاتوں پر عائد پابندیوں اور ان کے علاج معالجے کے معاملات پر خصوصی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں میں رکاوٹوں پر شکوہ بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں یہ طے پایا کہ بیرسٹر گوہر علی خان بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے، جبکہ پی ٹی آئی کے احتجاج، سیاسی حکمت عملی اور ممکنہ مذاکرات سے متعلق امور پر بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے برقرار رکھے جائیں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ملاقات میں بشریٰ بی بی کی رہائی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے، تاہم اس حوالے سے کسی حتمی پیش رفت کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے ملاقات سے متعلق میڈیا کے سوالات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور باضابطہ مؤقف دینے سے معذرت کی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles