
پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر کو باقاعدہ طور پر برطانوی شہریت مل گئی ہے اور انہیں برطانوی پاسپورٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ برطانوی شہریت ملنے کے بعد اب ان کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بطور برطانوی کھلاڑی شرکت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عامر اپنی برطانوی نژاد اہلیہ نرجس خان اور بچوں کے ہمراہ طویل عرصے سے برطانیہ میں مقیم تھے۔ تمام قانونی مراحل اور مقررہ وقت مکمل ہونے کے بعد اب وہ باقاعدہ شہریت حاصل کرچکے ہیں۔
بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ کو محمد عامر نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کیا، جس میں ایک صارف نے برطانوی شہریت ملنے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد اب محمد عامر آئی پی ایل میں کھیلنے کے اہل ہو گئے ہیں۔ یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اگر انہیں آئی پی ایل سے پیشکش آئی تو وہ مشاورت کے بعد اس میں حصہ لینے کا فیصلہ کریں گے۔