مومنہ اقبال کو جان سے مارنے کی دھمکیاں؛ مریم نواز سے مدد کی اپیل

مومنہ اقبال کو جان سے مارنے کی دھمکیاں؛ مریم نواز سے مدد کی اپیل

اہلخانہ بھی خطرات سے دوچار ہیں، اداکارہ کا دعویٰ

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کافی عرصے سے مبینہ آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایک سیاسی شخصیت سے وابستہ فرد کی جانب سے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو شدید ذہنی دباؤ اور خوف میں مبتلا رکھا جا رہا ہے۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مومنہ اقبال نے لکھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ایک ایم پی اے کی جانب سے مسلسل آن لائن ہراسانی، ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس سے رجوع کیا تاہم سیاسی اثر و رسوخ کے باعث معاملے پر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی شکایات دبانے کی کوشش کی گئی جبکہ بعض بااثر حلقوں کی جانب سے معاملہ خاموش کرنے کے لیے دباؤ بھی ڈالا گیا۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ قانونی کارروائی کی کوشش کے بعد ان کے خاندان کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

مومنہ اقبال نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں، خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاملے کو مسلسل نظر انداز کیا گیا تو وہ پریس کانفرنس کے ذریعے تمام شواہد عوام کے سامنے پیش کریں گی۔

اداکارہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے غیر جانبدار قانونی کارروائی یقینی بنائیں۔ اختیارات کے غلط استعمال اور انصاف میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔

تاہم مومنہ اقبال کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جبکہ کئی صارفین نے حکومتی اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles