بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، جون میں فیول ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ ٹل گیا

ترجمان پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کے لیے اہم خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث جون میں بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچا لیا گیا ہے، ایل این جی کی بندش اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود بجلی صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔

پاور ڈویژن کے بیان کے مطابق صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچا لیا گیا ہے، جس کی وجہ یہ رہی کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ کے اضافے پر روکا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافے اور اسپیشل پیکیج کی بدولت صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے، مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کول پلانٹس سے پیداوار کے ذریعے لوڈ مینجمنٹ کو بھی کم کیا گیا۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن ہوئی ہے، پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بدولت صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے نہ صرف ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے بلکہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود مزید ریلیف بھی فراہم کیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا بلکہ تقریباً 20 پیسے تک ریلیف ملنے کی توقع بھی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles