
کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم سندھودیش ریپبلکن آرمی سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشتگرد عبدالجبار سرکی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد عبدالجبار سرکی کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونیٹر، بال بیرنگ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے جبکہ ملزم نے رینجرز چوکی پر گرینیڈ حملے کا اعتراف بھی کرلیا۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد کا تعلق کالعدم سندھودیش ریپبلکن آرمی سے ہے اور اس کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا۔
ترجمان کے مطابق دہشتگرد 2020 سے کالعدم تنظیم کے کمانڈر سجاد شاہ گروہ کا سرگرم رکن رہا ہے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونیٹر، بال بیرنگ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
رینجرز کے مطابق عبدالجبار سرکی نے دورانِ تفتیش 2020 میں منزل پمپ کے قریب رینجرز چوکی پر گرینیڈ حملے کا اعتراف کرلیا ہے۔ اس حملے میں دو راہگیر زخمی ہوئے تھے جبکہ رینجرز چوکی کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ دہشتگرد 14 اگست کے موقع پر گلشن حدید میں دہشتگردی کی کارروائی کے لیے آزادی اسٹال کی ریکی کرچکا تھا۔
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ حساس مقامات پر ممکنہ دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار دہشتگرد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔