
پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہوگی۔
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں ہوا، میٹ آفس میں ہونے والے اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین شریک ہوئے۔
اسی طرح زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ہوئے۔
اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ذی الحج 1447 ہجری کا کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز پیر پاکستان میں یکم ذی الحج ہوگی اور عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ہوگی۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں مولاعبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ذی الحج کا چاند نظرآنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، زونل کمیٹیوں سے رابطے میں ہیں، چاند سے متعلق ابھی تک شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہونے پر عید سے متعلق اعلان کریں گے، کراچی میں مطلع صاف ہے اور چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، اللہ نے چاہا تو ذوالحج کے چاند کا اعلان کردیں گے۔
چاند نظر آنے کی تصدیق
دوسری جانب دو اسلامی ممالک تیونس اور ترکیہ میں اسلامی مہینے ذوالحج کے چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک نے عید الاضحیٰ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
تیونس ذوالحج کے آغاز کا اعلان کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے، ملک میں ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ قرار دی گئی اور چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد یکم ذوالحج پیر 18 مئی کو مقرر کی گئی ہے۔
ترکیہ نے بھی پیر 18 مئی کو یکم ذوالحج قرار دیا ہے جب کہ ترکیہ میں روایتی رویت ہلال کے بجائے فلکیاتی حسابات پر مبنی پیشگی تیار کردہ اسلامی کیلنڈر پر عمل کیا جاتا ہے، جس کی بنیاد پر یہ تاریخ طے کی گئی۔ دونوں ممالک میں عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد دونوں ملکوں میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی جب کہ بھارت میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، بھارت میں عیدالاضحیٰ 28 مئی جمعرات کو منائی جائے گی۔
شہریوں سے چاند دیکھنے کی اپیل
دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان سمیت بیشتر اسلامی ممالک میں اتوار 17 مئی کی شام ذوالحج کا چاند دیکھنے کی تیاریاں جاری ہیں، ان ممالک میں چاند کی رویت کے بعد عید الاضحیٰ کی حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔
سعودی سپریم کورٹ نے بھی شہریوں سے 30 ذی القعدہ کی شام کو ذی الحج کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔ سعودی سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو ذی الحج کا چاند نظر آئے تو گواہی ریکارڈ کروائے۔
چاند نظر آنے کی صورت میں یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر ہونے کا امکان ہے جب کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 26 مئی اور عیدالاضحی 27 مئی کو ہونے کی توقع ہے۔