ایسا لگ رہا ہے پنکی ایم این اے یا وزیر نہ بن جائے، میرا

کراچی: اداکارہ میرا نے کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ڈاکو کو بھی بڑے عہدے مل جاتے ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ کہیں پنکی بھی ایم این اے یا وزیر نہ بن جائے۔

معروف اداکارہ میرا اور سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلم انڈسٹری، موجودہ حالات اور پنکی کیس سے متعلق اظہارِ خیال کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران میرا نے کہا کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری تقریباً ختم ہوچکی ہے، ماضی میں کراچی میں بے شمار اسٹوڈیوز اور سینما گھر موجود تھے مگر اب صورتحال مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے بھی درخواست کی تھی کہ کراچی میں نئے سینما تعمیر کیے جائیں تاکہ فلمی صنعت کو دوبارہ فروغ مل سکے۔

اداکارہ کہتی ہیں کہ کراچی کے لوگ ہمیشہ ان سے محبت کرتے ہیں اور جب بھی وہ شہر آتی ہیں تو میڈیا سے ملاقات کے لئے خصوصی دعوت دی جاتی ہے۔

میرا نے کہا کہ ایک ڈاکو کو بھی بڑے عہدے مل جاتے ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ کہیں پنکی بھی ایم این اے یا وزیر نہ بن جائے جب کہ انہوں نے سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کو پاکستان فلم انڈسٹری کی پہچان اور اپنا استاد قرار دیا۔

میرا نے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے اقدامات کیے اور تعاون کیا۔ شادی سے متعلق سوال پر میرا نے کہا کہ اس بارے میں فلم مکمل ہونے کے بعد سوچیں گی۔

اس موقع پر مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ پنکی کو میڈیا کی جانب سے بہت زیادہ کوریج دی گئی جس کے باعث وہ غیر معمولی شہرت حاصل کرگئی۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں دیر سے پہنچنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لگا راستے بند ہیں اور شاید میرا کا پروٹوکول چل رہا ہے۔

مصطفیٰ قریشی کہتے ہیں کہ میرا نے اپنے عروج کے دور میں فلم انڈسٹری میں نمایاں کام کیا تاہم لوگ ان کی باتوں پر انہیں پہلے بھی ’’سائیکو‘‘ کہتے تھے۔

انہوں نے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج کل کے حالات نے سب کو سائیکو بنا دیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles