ڈھاکا ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھاری جرمانہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کو جرمانے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس کی کٹوتی کی سزا سنا دی، جس کے بعد قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر آگئی ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا، قومی ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر بھاری جرمانے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان ٹیم کو مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل نہ کرنے پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 سائیکل میں 8 پوائنٹس بھی کاٹ لیے گئے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان ٹیم مقررہ ہدف سے آٹھ اوورز کم رہی، جس کے باعث یہ سزا سنائی گئی۔ پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل پر اب صرف 4 پوائنٹس رہ گئے ہیں اور ٹیم آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جب کہ ویسٹ انڈیز اس سے نیچے موجود ہے۔

پاکستان ٹیم کو یہ سزا آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو نے سنائی۔ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ اوور ریٹ مکمل نہ کرنے پر ہر کم اوور کے بدلے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

اسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 16.11.2 کے مطابق ہر کم اوور پر ایک چیمپئن شپ پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے 8 پوائنٹس کم کیے گئے۔

پاکستانی کپتان شان مسعود نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزا قبول کرلی، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

پاکستان ٹیم پر الزام آن فیلڈ امپائرز رچرڈ کیٹلبرو اور کمار دھرماسینا نے عائد کیا جب کہ تھرڈ امپائر اللہ الدین پالیکر اور فورتھ امپائر غازی سہیل بھی اس عمل میں شامل تھے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے میرپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

میچ کے آخری روز بنگلہ دیشی فاسٹ بولر نہید رانا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے سلہٹ میں شروع ہو گا، 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles