برطانیہ نے اپنا جنگی بحری جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کر دیا

برطانیہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے جنگی بحری جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت کے تحفظ کے لیے ممکنہ بین الاقوامی مشن کی تیاری بتایا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس منصوبہ بندی کا حصہ ہے جو خطے میں کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایچ ایم ایس ڈریگن ایک ایئر ڈیفنس ڈسٹرائر ہے، جسے پہلے مشرقی بحیرہ روم میں تعینات کیا گیا تھا اور اب اسے مشرقِ وسطیٰ منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ممکنہ مشترکہ بحری آپریشن کے لیے تیار رکھا جا سکے۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ پیشگی تعیناتی محتاط منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ برطانیہ کسی بھی بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی برقرار رکھنے میں کردار ادا کر سکے۔

رپورٹ کے مطابق فرانس بھی اسی نوعیت کی تیاری کر رہا ہے اور دونوں ممالک مل کر ایک ایسے سیکیورٹی فریم ورک پر کام کر رہے ہیں جس کا مقصد عالمی تجارتی راستوں میں اعتماد بحال کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس منصوبے میں متعدد ممالک کی شمولیت متوقع ہے، تاہم اس کے عملی نفاذ کا انحصار خطے کی مجموعی صورتِ حال اور ایران کے ساتھ کشیدگی میں ممکنہ کمی پر ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles