
پاکستان کے سرحدی حکام کی جانب سے واہگہ بارڈر پر ’آپریشن معرکہ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈیجیٹل اسکرین کا بھرپور استعمال سامنے آیا ہے۔ پاکستانی حکام نے اسکرین پر ترجمان پاک فوج کے بیانات کی جھلکیاں نشر کیں، ساتھ ہی بھارت میں ہونے والی تباہی بھی دکھائی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ دوسری طرف موجود بھارتی فوج اور تماشائی بھی سنتے اور دیکھتے رہے۔
بھارت کی جانب سے گزشتہ سال پاکستان پر جارحیت کے جواب میں پاک فوج کے بھرپور جوابی ردعمل ’آپریشن معرکہ حق‘ کی سالگرہ کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملکی دفاع کو یقینی بنانے پر افواجِ پاکستان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران اس وقت ایک دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب پاکستانی سرحدی حکام کی جانب سے پنڈال میں نصب بڑی اسکرینوں پر پاک فوج کے جوابی حملوں اور پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے بیانات پر مبنی ویڈیو کلپس چلائے گئے۔
واہگہ بارڈر پر چلنے والے یہ پیغامات سرحد کے اس پار بھارتی فوج اور اسٹینڈز میں موجود عوام نے بھی سنے۔
ان ویڈیوز میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کا وہ کلپ بھی شامل تھا جس میں انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بھارت نے فضا سے زمین پر میزائل داغے، ہم صرف انہیں یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم تمہاری جارحیت سے ڈرنے والی قوم نہیں ہیں، اب صرف ہمارے جواب کا انتظار کریں۔‘
اس کے علاوہ اسکرین پر بھارت کے ادھم پور ایئربیس اور دیگر مقامات پر پاکستانی حملوں سے ہونے والی تباہی اور نقصانات کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستانی شہری آبادیوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے جسے ’آپریشن سندور‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس کھلی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے اپنی خودمختاری کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو بھرپور جواب دیا تھا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی متعدد اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں پٹھان کوٹ، سری نگر، جموں، بھٹنڈہ اور سورت گڑھ کے فضائی اڈے شامل تھے۔
اس کے علاوہ پاکستان نے بھارت کے کئی جدید لڑاکا طیارے مار گرائے تھے اور ان کے اہم دفاعی نظام کو بھی ناکارہ بنا دیا تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان جنگ چار روز تک جاری رہی تھی جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں فریقین کے درمیان جنگ بندی عمل میں آئی تھی۔
اس شاندار دفاعی کامیابی اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10 مئی کو سرکاری سطح پر ”یومِ معرکہ حق“ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔