
پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کرلیا ہے، تربیتی لانچ کا مقصد فوجی تربیت، تکنیکی پیرامیٹرز اور سب سسٹمز کی جانچ تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی جانب سے فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی لانچ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II میزائل جدید ایویونکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل معاونت سے لیس ہے جب کہ تربیتی لانچ کا مقصد فوجیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور بہتر درستگی و بقا کے لیے شامل مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-II میزائل نے اپنی بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ کامیاب مشق کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئرافسران کے علاوہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر اور سروسزچیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیموں کی فنی مہارت، لگن اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔