صدر مملکت کا چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ

صدر مملکت کا چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ

صدر مملکت نے کمپنی کی پیداواری صلاحیت، معیار اور تکنیکی مہارت کو سراہا

 آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ حنان کے شہر چانگشا میں واقع سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری کے فروغ پر زور دیا۔

دورے کے دوران سانی گروپ کے چیئرمین تانگ شیوگو نے صدر مملکت کو کمپنی کے جدید مینوفیکچرنگ نظام، مصنوعات اور تحقیق و ترقی میں جاری سرمایہ کاری پر بریفنگ دی، جبکہ چانگشا کی نائب میئر چیان لیکسیا بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

صدر مملکت کو کمپنی کے آپریشنز، مالی اور عملی کارکردگی کے ساتھ ساتھ تعمیراتی شعبے میں استعمال ہونے والی ہیوی مشینری اور متعلقہ آلات کی پیداواری صلاحیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپنی کی 2024 کی آپریٹنگ آمدن 11.27 ارب ڈالر رہی اور مصنوعات کی جدت، تحقیق و ترقی پر مسلسل سرمایہ کاری جاری ہے۔

صدر زرداری کو سانی ہیوی انڈسٹری کی فلیگ شپ فیکٹری کا دورہ بھی کرایا گیا جو ڈیجیٹل طور پر مربوط مینوفیکچرنگ سہولیات جدید آٹومیشن اور ڈیٹا پر مبنی پیداواری نظام کے باعث نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔ انہیں فیکٹری کے جدید صنعتی معیار اور خودکار نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صدر مملکت نے کمپنی کی پیداواری صلاحیت، معیار اور تکنیکی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعتی ٹیکنالوجی، مہارتوں کی ترقی اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایسے مشترکہ منصوبے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے تعمیراتی مشینری، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، قابل تجدید توانائی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔

اس موقع پر سانی گروپ کے چیئرمین تانگ شیوگو نے جدت، ڈیجیٹلائزیشن اور بین الاقوامی شراکت داری کے لیے کمپنی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور صلاحیت سازی میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔

دورے کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیدونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles