وزیراعظم نے ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 353 روپے 43 پیسے مقرر ہو گئی ہے۔

جمعے کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے فیصلے کے تحت ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کی منظوری دی ہے۔

حکومتی فیصلے کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 353 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو جتنا جلد ممکن ہو سکے عوام تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں تاہم آج آبنائے ہرمز کھلنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئیی ہے۔

امریکا ایران جنگ: پیٹرول کی قیمت کتنی بار بڑھیں اور کم ہوئیں؟

ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جس کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آئے جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ اور بعد ازاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

دستیاب معلومات کے مطابق ایران اسرائیل امریکا جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 بار تبدیلیاں دیکھنے آئیں، جن میں 2 بار قیمتوں میں بڑا اضافہ اور 2 بار نمایاں کمی شامل ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلا بڑا اضافہ 6 مارچ 2026 کو کیا گیا، جب حکومت نے عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت بڑھ کر تقریباً 321 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی، جو حالیہ برسوں کی بلند ترین سطح تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 55 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے ہوگئی تھی۔

اس کے بعد دوسری بار 3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی جب کہ ڈیزل کی قیمت 184 روپے بڑھا کر 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی تھی۔

بعد ازاں عوامی ردعمل اور عالمی قیمتوں میں جزوی کمی کے تناظر میں حکومت نے ایک بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد قیمت کم ہو کر تقریباً 378 روپے فی لیٹر پر آ گئی تھی۔

اس کے بعد 10 اپریل کو وزیراعظم نے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں صرف 10 اور جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 366 روپے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 385 روپے ہوگئی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles