آبنائے ہرمز کھل گئی مگر ایران کی ناکہ بندی برقرار رہے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے آبنائے ہرمز کھولنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی بحریہ کی جانب سے ناکہ بندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایرانی وزیرِخارجہ عباس عراقچی کی جانب سے عارضی طور پر آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر دو بیانات جاری کیے۔

اپنے پہلے بیان میں انہوں نے لکھا کہ ’آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلا ہے اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے آزاد ہے‘۔

امریکی صدر نے کچھ دیر بعد ایک اور بیان جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ ’آبنائے ہرمز تجارتی سرگرمیوں اور آمد و رفت کے لیے آزاد ہے لیکن امریکی بحریہ کی جانب سے ناکہ بندی بدستور نافذ رہے گی، اور اس کا اطلاق صرف اور صرف ایران پر ہوگا‘۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امریکا کی ایران کے ساتھ ’ڈیل‘ سو فیصد مکمل ہونے تک ایران کے تجارتی جہازوں پر یہ پابندی برقرار رہے گی۔

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جعمہ کو لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔

عباس عراقچی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی آمد و رفت اسی مربوط راستے پر ہوگی جس کا اعلان ’ایران کی پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن‘ پہلے ہی کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ 40 روز تک جاری رہی۔ اس دوران ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرتے ہوئے دشمن ملکوں کے تجارتی جہازوں کو وارننگ جاری کی تھی۔

اس دوران پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان 8 اپریل کو جنگ بندی پر راضی کیا، جس کے بعد دونوں ملکوں نے دو ہفتے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس معاہدے میں کلیدی ثالث کا کردار ادا کیا، جس کے بعد فریقین کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور 11 اپریل کو اسلام آباد میں مذاکرات کا پہلا دور ہوا۔

اگرچہ اس جنگ بندی کے خاتمے میں اب چند روز باقی ہیں لیکن پاکستان اس کی مدت میں توسیع کے لیے دوبارہ متحرک ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، جس کے بعد ایران نے جمعہ کو عارضی طور پر آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles