
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے پاکستان کی پرواز کے دوران اپنی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔
ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستان آنے والی پرواز کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں طیارے کی خالی نشستوں پر ایرانی بچوں کی تصاویر، پھول، بستے اور جوتے رکھے گئے تھے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’یہ میرے ہم سفر ہیں‘‘، جبکہ یہ تصاویر ان بچوں کی یاد میں رکھی گئیں جو ایران کے شہر مناب میں ایک اسکول پر حملے میں شہید ہوئے تھے۔
ایرانی حکام کے مطابق اس حملے میں 160 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی۔
واضح رہے کہ ایرانی وفد امریکا کے ساتھ اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جس کی قیادت محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات حالیہ کشیدگی کے بعد ہونے والی عارضی جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکا سنجیدہ معاہدہ پیش کرے اور ایرانی عوام کے حقوق کو تسلیم کرے تو ایران بھی معاہدے کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی غیر سنجیدہ طرز عمل کا سخت جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کے لیے ایک مضبوط ٹیم بھیجی گئی ہے، جس میں نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف شامل ہیں۔