پنجاب میں مفت سرکاری سفری سہولت سے فائدہ اٹھانے کا نیا ریکارڈ قائم


پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور میں پانچ روز کے دوران رائڈرشپ کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، جس دوران تقریباً 50 لاکھ مسافروں نے مفت سفری سہولت کا فائدہ اٹھایا۔
رپورٹ کے مطابق میٹرو بس سروسز اور اورنج لائن میٹرو ٹرین میں مسافروں کی غیر معمولی دلچسپی دیکھی گئی، جبکہ سپیڈو اور گرین الیکٹرک بسوں میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے مفت سفر کیا۔
پانچ روز کے دوران مفت سفر حاصل کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 8 اپریل کو ایک دن میں 11 لاکھ 40 ہزار مسافروں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔
4 اپریل سے 8 اپریل تک مجموعی طور پر 47 لاکھ 96 ہزار سے زائد مسافروں نے فری سفری سہولت کا فائدہ اٹھایا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین سے تقریباً 15 لاکھ 26 ہزار مسافروں نے سفر کیا۔
لاہور میٹرو بس سروس سے تقریباً 8 لاکھ مسافر مستفید ہوئے۔ سپیڈو بسز سے 7 لاکھ سے زائد مسافروں نے فری سفر کیا۔ گرین الیکٹرک بسوں سے 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد مسافروں نے فائدہ اٹھایا۔
راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے تقریباً 2 لاکھ مسافر مستفید ہوئے۔ پاکستان میٹرو بس سروس سے تقریباً 8 لاکھ مسافر فائدہ اٹھائے۔
اس کے علاوہ ملتان میٹرو بس سسٹم سے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ فیڈر روٹس سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوئے۔
مختلف اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں میں 11 لاکھ سے زائد مسافر سفر کر چکے ہیں۔ پانچ روز میں مجموعی طور پر 6 ملین سے زائد مسافر مفت سفر سے مستفید ہوئے۔

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسافروں کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور شکایات فوری دور کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سہولت کے لیے ملتان میں 35، سیالکوٹ میں 30 اور گجرانوالہ میں مزید 35 فری بسیں چلائی گئی ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد نجی ٹرانسپورٹ کرایوں کو بھی فوری طور پر کم کروایا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق مفت سفر کی سہولت مسلسل جاری رہے گی اور لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 اپریل کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری پروگرام کے تحت صوبے کے عوام کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles