
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران میں ایک فضائی حملے کے دوران ایران کی قدس فورس کے اسپیشل آپریشنز یونٹ کے کمانڈر کو شہید کر دیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب، ایرانی فوج اور بسیج ملیشیا کے کئی اعلیٰ عہدیدار اسرائیلی حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔
سی این این کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ روز تہران میں کارروائی کرتے ہوئے قدس فورس کے اسپیشل آپریشنز یونٹ 840 کے کمانڈر اصغر باقری کو نشانہ بنایا جو 2019 سے اس عہدے پر فائز تھے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اصغر باقری دنیا بھر میں اسرائیلی اور امریکی شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق قدس فورس ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی وہ شاخ ہے جو بیرونِ ملک کارروائیوں کی ذمہ دار ہے۔
قبل ازیں ایران کی پاسداران انقلاب کے انٹیلی جینس چیف ماجد خادمی بھی حملوں میں شہید ہوگئے ہیں جس کی خود پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی میڈیا نے تصدیق کی، تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔