صدر ٹرمپ ڈیل چاہتے ہیں، ایران سمجھ داری دکھائے اور معاہدہ کرلے: امریکی وزیرِ جنگ

امریکا کے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسِتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ کے حوالے سے آئندہ چند روز فیصلہ کُن ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو معلوم ہے اس کے پاس اب عسکری طور پر آپشنز نہ ہونے کے برابر ہیں لہٰذا انہیں سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاہدہ کرلینا چاہیے۔

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسِتھ نے منگل کے روز بریفنگ میں بتایا کہ انہوں نے ہفتے کے روز مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کیا اور ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں میں مصروف امریکی افواج سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اس دورے کی تفصیلات اور مقامات کو خفیہ رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد زمینی صورتحال کا خود جائزہ لینا تھا۔

امریکی وزیرِ دفاع نے امریکا کے تازہ حملوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج نے پیر کی رات ایران پر 200 سے زائد حملے کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی طاقت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ ایران کی صلاحیت کم ہو رہی ہے۔

پیٹ ہیگسِتھ نے ایران کو براہِ راست پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر تہران دانش مندی کا مظاہرہ کرے تو اسے دیر ہونے سے پہلے معاہدہ کر لینا چاہیے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles