انٹرنیٹ کی لت میں مبتلا کرنے پر گوگل اور میٹا پر کروڑوں روپے جرمانہ عائد

لاس اینجلس کی عدالت میں گزشتہ کئی روز سے جاری تناؤ اور بے یقینی کی صورتِ حال بالآخر ختم ہو گئی ہے۔ جہاں چند روز قبل جیوری کسی متفقہ فیصلے پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہی تھی اور جج کیرولین بی کوہل نے انہیں دوبارہ غور و خوض کی ہدایت دی تھی۔ یہ مقدمہ ایک نوجوان خاتون کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق جیوری نے اپنا حتمی فیصلہ سناتے ہوئے دنیا کی دو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں، میٹا اور گوگل کو نوجوانوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں دونوں کمپنیوں پر مجموعی طور پر 60 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ اس میں سے 30 لاکھ ڈالر تلافی کے ہرجانے اور 30 لاکھ ڈالر تعزیری ہرجانے کے طور پر مقرر کیے گئے ہیں۔

جیوری نے ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے میٹا کو اس نقصان کا 70 فیصد جبکہ گوگل کو 30 فیصد ذمہ دار ٹھہرایا ہے، جو ان کمپنیوں کے لیے ایک بڑا قانونی دھچکا تصور کیا جا رہا ہے۔

پلیٹ فارمز کے ڈیزائن میں غفلت کا اعتراف جیوری نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ میٹا (انسٹاگرام) اور گوگل (یوٹیوب) اپنے پلیٹ فارمز کو ڈیزائن کرنے اور چلانے میں پیشہ ورانہ غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ ان کمپنیوں نے نہ صرف ایسے فیچرز بنائے جو صارفین کو اپنا عادی بناتے ہیں، بلکہ وہ اپنے صارفین کو ان ایپس کے استعمال سے وابستہ ممکنہ خطرات اور نقصانات کے بارے میں مناسب انتباہ دینے میں بھی ناکام رہے۔

یاد رہے کہ یہ مقدمہ ایک 20 سالہ نوجوان خاتون کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جس نے دعویٰ کیا تھا کہ کم عمری میں انسٹاگرام اور یوٹیوب کے مسلسل استعمال نے اسے ذہنی طور پر بیمار کر دیا تھا۔

جیوری نے اس موقف کو تسلیم کیا کہ ان کمپنیوں کی غفلت اس خاتون کے ڈپریشن، بے چینی اور دیگر ذہنی مسائل میں ایک ”بنیادی اور اہم عنصر“ رہی ہے۔ خاتون کے مطابق، ان پلیٹ فارمز کے ڈیزائن نے ان کی ذہنی جدوجہد کو مزید ہوا دی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیک کمپنیوں پر اس فیصلے کے بعد دباؤ بڑھ گیا ہے اور عدالتی فیصلے کے بعد اب ان ہزاروں دیگر کیسز کی راہ ہموار ہوگئی ہے جو دنیا بھر میں والدین اور تعلیمی اداروں نے ان کمپنیوں کے خلاف دائر کر رکھے ہیں۔

یہ فیصلہ مستقبل میں سوشل میڈیا کے استعمال اور کمپنیوں کی اخلاقی و قانونی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles