ایران نے امریکا کا ’ایف 18‘ طیارہ مار گرایا: ایرانی میڈیا کا دعویٰ

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکی ایف 18 جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے تاہم امریکی فوج نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے سرکاری نشریاتی ادارے کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ایران کے علاقے چاہ بہار میں ایک امریکی ایف 18 جنگی طیارے کو نشانہ بنایا، جو بعد ازاں بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہو گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ مغربی ممالک کے جنگی طیاروں کے خلاف ایران کا چوتھا کامیاب حملہ ہے، جس میں مقامی طور پر تیار کردہ جدید دفاعی نظام استعمال کیا گیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایرانی بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے کی گئی، جسے بسیج فورس چلا رہی تھی۔

ایرانی میڈیا نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں فضا میں جنگی جہاز کو نشانہ بنتے دیکھا جاسکتا ہے تاہم یہ ویڈیو امریکا کے ایف 18 طیارہ کی ہی ہے، اس حوالے سے کوئی حتمی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج (سینٹ کام) نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی جنگی طیارے کو مار گرانے کی خبر درست نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ایف 18 جسے ایف اے 18 ہارنیٹ یا سپر ہارنیٹ بھی کہا جاتا ہے، امریکی بحریہ اور میرینز کا ایک جدید ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جو عموماً بحیرہ عرب اور بحر ہند میں طیارہ بردار جہازوں سے آپریٹ کیا جاتا ہے۔

امریکی حکام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ خطے میں کسی بھی امریکی طیارے کے نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، ایران کا دعویٰ غلط ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles