سونے کا بڑا یوٹرن؛ بڑی گراوٹ کے بعد ہزاروں روپے کا اضافہ

عالمی مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ میں مسلسل کمی کے بعد اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی سونے کی گرتی قیمتوں کے یوٹرن کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

منگل کے روز پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد فی تولہ اور دس گرام سونے کا بھاؤ گرتے گرتے یکدم واپس بڑھ گیا ہے۔

پاکستان میں منگل کو فی تولہ سونا 16 ہزار 300 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 64 ہزار باسٹھ روپے کا ہوگیا۔ دس گرام سونے کی قیمت 13 ہزار 975 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 97 ہزار 858 روپے ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں سونا 163 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 413 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا جا رہا تھا۔ 19 مارچ کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 24 ہزار 300 روپے کی تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

بعد ازاں 20 مارچ کو بھی ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 8 ہزار 100 روپے سستا ہوا۔ جبکہ عید کی چھٹیوں کے بعد 24 مارچ کو سونے کی قیمت میں مزید 43 ہزار 600 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی تھی، تاہم منگل کو گرتی قیمتوں کو بریک لگی ہے اور دوبارہ اضافہ سامنے آیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles