
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق فغان طالبان نے باجوڑ میں شہری علاقوں پر مارٹر گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں سالارزئی میں ایک گھر پر گولہ گرنے سے چار بھائی شہید ہو گئے۔ حملے میں پانچ سالہ بچہ بھی شدید زخمی ہوا، اور مقامی لوگوں نے واقعے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔
مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی حکام کے مطابق افغان طالبان نے باجوڑ کے سالارزئی علاقے میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ شہید ہونے والوں میں چارسگے بھائی شامل ہیں جن کی شناخت ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پانچ سالہ بچہ جو گھر میں موجود تھا، شدید زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ یہ حملہ افغان سرحد پار سے ٹبستہ لیٹئی کے مقام سے کیا گیا، اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ذمہ دار ٹھکانوں کو بھرپور جواب دیا ہے اور علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
مقامی افراد اور انتظامیہ نے افغان طالبان کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ امن پسند شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف اور غصے کا ماحول ہے، اور متاثرہ خاندان کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں سرحدی علاقوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسے حملوں کو روکا جا سکے۔