
کرک کے علاقے گرگری کی امان کوٹ میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ سورکمر کے مقام پر معمول کے گشت کے دوران کیا گیا۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ شہداء میں شاہد اقبال، صفدر، عارف اور محمد ابرار شامل ہیں جبکہ ایک اہلکار کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے علاقے کے حساس مقامات پر مزید گشت بڑھا دیا ہے اور حملے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
یہ واقعہ مقامی امن و امان کے لیے خطرے کی گھنٹی تصور کیا جا رہا ہے اور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں۔