بنگلہ دیش: این سی پی رہنما محمد مطیلب سکدر پر فائرنگ، شدید زخمی

بنگلہ دیش میں سیاسی تشدد کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے سینئر رہنما محمد مطیلب سکدر کو نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا

پولیس کے مطابق این سی پی کے خُلنہ ڈویژنل چیف اور پارٹی کی مزدور تنظیم این سی پی سری مک شکتی کے مرکزی منتظم محمد مطیلب سکدر کو آج صبح تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر کھلنا میں غازی میڈیکل کالج اسپتال کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ حملہ آوروں نے ان کے سر کو ہدف بناتے ہوئے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گولی محمد مطیلب سکدر کے کان کے ایک طرف سے داخل ہو کر جلد کو چیرتی ہوئی دوسری جانب سے نکل گئی، تاہم خوش قسمتی سے وہ جان کے خطرے سے باہر ہیں۔ زخمی رہنما کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

سونڈانگا ماڈل پولیس اسٹیشن کے انچارج انیمیش منڈل کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

نیشنل سٹیزن پارٹی کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پارٹی کی جوائنٹ پرنسپل کوآرڈینیٹر محمودہ میتو نے فیس بک پر جاری بیان میں فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بنگلہ دیش میں سیاسی فضا پہلے ہی کشیدہ ہے۔ رواں ماہ نوجوان سیاسی اور طلبہ رہنما شریف عثمان بن ہادی کے قتل کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور بدامنی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ 32 سالہ ہادی 2024 کی طلبہ تحریک سے وابستہ ایک نمایاں رہنما تھے، جن کی ہلاکت کو سیاسی تشدد کی ایک بڑی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles