ایشیا کپ انڈر 19 فائنل: پاکستانی اوپنر سمیر منہاس نے تاریخ رقم کردی

ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں پاکستان کے اوپنر سمیر منہاس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں سمیر منہاس نے بھارتی بولرز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کی اور چھکوں چوکوں کی بارش کر دی۔

بھارت کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار 172 رنز کی اننگز کھیلنے والے نوجوان بلے باز سمیر منہاس کے والد نے اپنے بیٹے کی کارکردگی پر بے حد خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔

ملتان سے تعلق رکھنے والے سمیر منہاس کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی محنت اور لگن رنگ لے آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمیر نے کم عمری میں بڑی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جو پورے خاندان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

سمیر منہاس کے والد نے گفتگو کے دوران اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ان کا بیٹا مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرے اور ملک کے لیے کھیل کر نام روشن کرے۔

واضح رہے کہ سمیر منہاس نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارت کے خلاف 113 گیندوں پر 172 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے، اور اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles