کراچی: سندھ ثقافت ریلی کے شرکا اور پولیس میں تصادم، مظاہرین کا پتھراؤ، پولیس کا لاٹھی چارج


کراچی کے علاقے شارع فیصل پر سندھ ثقافت سے متعلق ریلی کے شرکا اور پولیس میں تصادم ہوگیا، ریلی کے شرکاء نے گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کردیا جس کے جواب میں پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام سے بند اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جب کہ دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
اتوار کو کراچی کے علاقے شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب سندھ ثقافت سے متعلق ریلی کے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم ہو گیا۔
شرکا شارع فیصل سے کراچی پریس کلب کی طرف جارہے تھے، پولیس نے شرکا کو متبادل راستے کی جانب جانے کی ہدایت کی، جس پر ریلی کے شرکا نے متبادل راستے سے جانے سے انکار کردیا۔
جس کے بعد پولیس اور ریلی کے شرکا کے درمیان تکرارہوگئی اور مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کردیا، جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ بھی کی۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام سے بند کردیا گیا جب کہ شارع فیصل پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی بھاری نفری کے ہمراہ شارع فیصل پر موجود رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کوپریشانی سے بچانے کے لیے متبادل راستہ فراہم کیاجارہاہے، ريڈ زون کی طرف کسی کو جانے کی اجازت نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles