کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 خواتین سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد


کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 خواتین سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ ایک مرد تشویش ناک حالت میں ملا ہے۔
اتوار کے رواز کراچی کے علاقے گلشن اقبال عابد ٹاؤن میں گھر سے 3 خواتین کی لاشیں ملی ہیں جب کہ گھر کے اندر سے ایک مرد بھی تشویش ناک حالت میں ملا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق جاں بحق خواتین کی فوری طور پر شناخت نہ ہو سکی، پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں موقع پر روانہ ہوگئی ہیں، واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ادھر کراچی کے مختلف علاقوں سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں گھر سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی، جس کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی اور ابتدائی تفتیش میں واقعہ خودکشی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس کے علاوہ لیاری آگرہ تاج بابو ہوٹل کے قریب سڑک سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت 30 سالہ سہیل کے نام سے کی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے جب کہ دونوں لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کراچی میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق
دوسری جانب کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
بلدیہ نادرن بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار میاں، بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لانڈھی جوگی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 15 سالہ محمد بلال ولد محمد علی جاں بحق ہوگیا۔ مرنے والے نوجوان کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
گڈاپ سٹی کے قریب ایک اور حادثے میں سڑک کراس کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ستر سالہ عالم خان جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی موقع سے فرار ہوگئی۔
بلدیہ لکی چڑھائی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک آئل ٹینکر الٹ گیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ الٹا ہوا ٹینکر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا سبب بنا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles