پیپلزپارٹی کی آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کیلئے بڑی بیٹھک، ابتدائی مشاورت مکمل


آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل تیز ہو گئی، پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین پارٹی بلاول بھٹو زرداری پیر کو حتمی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، حکومت کی تبدیلی اور نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پارٹی رہنما چوہدری یاسین نے اجلاس کے بعد بتایا کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی حکمتِ عملی کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو پیر کے روز کریں گے۔
اجلاس میں فریال تالپور، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، جاوید ایوب، رفیق نئیر، بازل نقوی، جاوید بڈھانوی، فیصل راٹھور، نبیلہ ایوب اور سردار حاجی یعقوب بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کے طرزِ عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متبادل سیاسی بندوبست کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ اجلاس میں تمام رہنماؤں نے اپنی آرا سے قیادت کو آگاہ کیا اور آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
قمر زمان کائرہ کے مطابق نئے وزیرِاعظم کے نام پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم پارٹی کے پاس ووٹوں کی مطلوبہ تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، حتمی فیصلہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت آئندہ اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles