
اسلام آباد میں اے ایس پی کی مبینہ خودکشی کا واقعہ سامنے آیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق اے ایس پی عدیل اکبر کو اُن کی گاڑی میں ہی گولی لگی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایس پی آئی نائن عدیل اکبرکانسٹیٹیوشن ایونیو سے اپنے دفترکی طرف جارہے تھے کہ راستے میں اپنی ہی گاڑی کے اندر فائر لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے ایس پی عدیل اکبر نے سرینہ چوک کے قریب اپنے گن مین سے پستول چھین کرخود کوگولی ماری، عدیل اکبر کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے، جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ گن مین اور موقع پر موجود دیگر اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عدیل اکبرکا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور ان کی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی ہے۔ عدیل اکبر کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن سے تھا۔ وہ اپنے بیچ کے ٹاپر تھے۔
عدیل اکبر کو گزشتہ روز ڈینگی بھی رپورٹ ہوا تھا، ڈینگی کے باوجود وہ ڈیوٹی پر موجود رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے عدیل اکبر ترقی نہ ملنے کی وجہ سے بھی شدید ڈپریشن کا شکار تھے، ان کے تمام بیچ میٹ گزشتہ سال ایس پی کے عہدے پر پروموٹ ہوگئے تھے، اے ایس پی عدیل اکبراسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی آئی نائن تعینات تھے۔