لیبیا سے غیر قانونی فنڈز لینے کا الزام؛ سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی جیل منتقل

فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ سرکوزی کو صدارتی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈز حاصل کرنے کی مجرمانہ سازش کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

عالمی میڈیا کے مطابق 70 سالہ نکولس سرکوزی کو فرانس کی فوجداری عدالت نے گزشتہ ماہ لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر معمر قذافی سے اپنی 2007 کی صدارتی انتخابی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈز حاصل کرنے کی مجرمانہ سازش کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ یہ فیصلہ فرانس کی تاریخ میں پہلا واقعہ ہے، جب جنگ عظیم دوم کے بعد کسی بھی فرانسیسی صدر کو قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

مقدمے کی تفصیلات

یہ مقدمہ 2013 میں شروع ہونے والی ایک طویل قانونی جنگ کے بعد سامنے آیا، جب معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام نے پہلی بار سرکوزی پر اپنی انتخابی مہم کے لیے ان کے والد سے لاکھوں یورو لینے کا الزام لگایا تھا۔

مجرمانہ سازش

عدالت نے سرکوزی کو اسی الزام میں مجرم قرار دیا۔ عدالت میں یہ ثابت ہوا کہ لیبیا سے فنڈنگ حاصل کرنے کے لیے ایک کرپٹ اسکیم اور سازش موجود تھی، اور سرکوزی اس سازش سے باخبر تھے۔

اگرچہ عدالت کو اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ یہ فنڈز سرکوزی کی صدارتی مہم پر خرچ کیے گئے، لیکن یہ ضرور ثابت ہوا کہ فنڈنگ حاصل کرنے کی ایک سازش رچائی گئی تھی اور سرکوزی اس سے باخبر تھے۔ فرانسیسی قانون کے تحت مجرمانہ سازش قابلِ سزا جرم ہے، خواہ رقم کا تبادلہ نہ بھی ہوا ہو۔

دیگر الزامات سے بریت

سرکوزی پر اس الزام کے ساتھ ساتھ بدعنوانی، غبن اور انتخابی مہم کی غیر قانونی فنڈنگ کے بھی الزامات تھے، جس پر عدالت نے انہیں بری کر دیا، کیونکہ پراسیکیوٹرز رقم کی براہِ راست ترسیل کو ثابت نہ کر سکے۔

عدالتی فیصلہ

پیرس کی کرمنل کورٹ نے 26 ستمبر 2025 کو سرکوزی کو مجرم قرار دے کر پانچ سال قید، 100 ہزار یورو جرمانہ اور پانچ سال کے لیے عوامی عہدہ رکھنے پر پابندی عائد کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ سزا فوراً نافذ کی جائے گی، جس کا مطلب ہے کہ اپیل زیرِ سماعت ہونے کے باوجود انہیں جیل جانا پڑے گا۔

دوران قید انہیں علیحدہ سیل میں رکھا جائے گا اور وہ ٹی وی اور فون استعمال کر سکیں گے۔ ان کے وکلاء نے فوری رہائی کی درخواست دائر کر دی ہے، جس پر عدالت دو ماہ میں فیصلہ کرے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles