’ہتھیار ڈالیں ورنہ طاقت سے غیر مسلح کریں گے‘، ٹرمپ کی حماس کو ایک بار پھر دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فلسطینی تنظیم حماس کو غیر مسلح ہونے کی سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حماس نے ان کے امن معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا تو امریکا ”فوری اور ممکنہ طور پر طاقت کے ذریعے“ اقدامات کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کہا کہ انہوں نے یہ بات حماس تک پہنچائی تھی اور حماس نے ان کے 20 نکاتی امن منصوبے کے مطابق غیر مسلح ہونے پر اتفاق کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ”اگر وہ (حماس) ہتھیار نہیں ڈالتے تو ہم انہیں خود غیر مسلح کردیں گے اور یہ سب فوری اور طاقت کے ذریعے ہوگا۔“

ٹرمپ کا چین پر الزام: “امریکی کسانوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے

صدر ٹرمپ نے پریس بریفنگ کے دوران چین کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”چین نے جان بوجھ کر امریکی سویابین کی خریداری بند کی ہے، جو امریکی معیشت دشمنی کے مترادف ہے۔“ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود یا ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ چین کے اس رویے کی وجہ سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم اپنا کوکنگ آئل خود تیار کر سکتے ہیں، ہمیں چین سے خریدنے کی ضرورت نہیں“۔

غزہ کی صورتحال:

پیر کے روز جنگ معاہدے کے تحت بیس زندہ یرغمالی اسرائیل کے حوالے کرنے کے بعد حماس نے مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حماس نے غزہ میں لاشوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا ہے، اور لاشیں تل ابیب پہنچا دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے تحت اٹھارہ سو سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز اسرائیلی فوجیوں نے امریکی ثالثی سے طے پانے والی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 9 فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles