ترک وزیرِ خارجہ کا آج غزہ جنگ بندی معاہدے کا عندیہ

ترک وزیرِ خارجہ حاقان فدان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان اتفاقِ رائے آج ممکن ہے، اگر ایسا ہو جاتا ہے توآج غزہ میں جنگ بندی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔

ٹائمزآف اسرائیل کے مطابق ترک وزیرِ خارجہ حاقان فدان نے شام کے وزیرِ خارجہ کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا “اگر آج اتفاقِ رائے ہو جاتا ہے تو جنگ بندی طے پا جائے گی۔“

ترک وزیرِ خارجہ جو ان دنوں شام کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مصر میں جاری امن مذاکرات میں دونوں فریقوں نے فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے غیر معمولی سنجیدگی اور عزم کا اظہار کیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

انھوں نے مزید بتایا کہ امن مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی، اسرائیلی افواج کے انخلا کی حدود اور شرائط، غزہ میں امداد کی فراہمی اور ممکنہ جنگ بندی کے اصول و ضوابط پر بات کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام نکات پر اب تک ”قابل ذکر پیش رفت“ ہوئی ہے اور امید ہے کہ جلد کوئی فیصلہ سامنے آ جائے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری اسرائیل-حماس مذاکرات تیسرے روز میں داخل ہو چکے ہیں۔ یہ مذاکرات امریکہ کے حمایت یافتہ 20 نکاتی امن منصوبے کے تحت ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں اسرائیل اور حماس کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ قطر، ترکی، مصر اور امریکہ کے اعلیٰ سفارتکار بھی شریک ہیں۔

جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف جیسے امریکی حکام کی موجودگی نے مذاکرات کو نئی رفتار دی ہے، جب کہ اسرائیل کی جانب سے رون ڈرمر اور قطر کے وزیراعظم بھی مذاکرات میں شامل ہیں۔

ترک وزیرِ خارجہ کی جانب سے دیے گئے تازہ ترین بیان نے امید پیدا کر دی ہے کہ آج شام تک کوئی بریک تھرو ممکن ہو سکتا ہے۔ تمام فریقین کی نظریں اب اسی ممکنہ فیصلے پر جمی ہوئی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles