
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، علاقائی صورت حال اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ بھارتی اشتعال انگیزی پر تشویش، دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کا آغاز بھارتی دہشت گرد پراکسیز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو سراہا اور حالیہ سیلابی صورت حال میں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کی گئی امدادی و ریسکیو کارروائیوں میں فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فورم میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز، ابھرتے خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر جامع غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور جرائم کے درمیان موجود گٹھ جوڑ اور اس کو حاصل سیاسی سرپرستی، جو ریاست اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے، کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارتی سول و عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے واضح کیا کہ بھارتی جنگی جنون اور غیر ضروری اشتعال انگیزی سے خطے میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
شرکا نے اتفاق کیا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا تیز، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور کسی “فرضی نئے نارمل” کو پاکستان ایک نئے اور موثر جوابی نارمل سے توڑ دے گا۔
فورم نے بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس جیسے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کو سراہا گیا اور عالمی و علاقائی امن کے لیے ملک کے عزم کو دہرایا گیا۔
فورم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔ شرکا نے کشمیر میں کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد اور فلسطین کے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت دہراتے ہوئے جلد جنگ بندی اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی امید ظاہر کی۔
اپنے اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنل تیاری، ڈسپلن، جسمانی فٹنس، اختراعات اور ردعمل کی صلاحیتوں کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنائیں۔
سید عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان آرمی روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔