
سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاع پر بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارت کے حمایت فتنۃ الخوارج کے 19 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس جھڑپ میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ گروہ بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں لیفٹننٹ کرنل جنید عارف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ اسی جھڑپ میں میجر طیب اور دیگر نو جوان بھی وطن کی خاطر جان قربان کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد طویل عرصے سے سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ فرار کی کوشش ناکام بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بھارتی ساختہ مواصلاتی آلات برآمد ہوئے ہیں، جو ملک دشمن سرگرمیوں میں استعمال کیے جا رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج قوم کے تعاون سے دہشت گردی کی جڑیں ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔