ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ: قومی کھلاڑیوں کے اسپرے کو سوشل میڈیا صارفین نے شغل بنا لیا

سوشل میڈیا پر پاکستان اور بھارت ویمنز کرکٹ میچ کے دوران اسپرے کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ تبصرے اور تصاویر کا طوفان کھڑا کردیا۔

میچ کے دوران گراؤنڈ میں اسپرے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد صارفین نے دلچسپ اور طنزیہ تبصروں کی بھرمار کر دی۔ ہر طرف پاکستان اور بھارت ویمنز ٹیم کی مچھروں سے چھٹکارے کے لیے لگائے گئے اسپرے کو لے کر ٹرولنگ اور مذاق کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس سے یہ واقعہ سوشل میڈیا پر خاصی شہرت پا گیا۔

ایکس پر ایک صارف نے لکھا، پاکستانی کھلاڑیوں نے انڈین کھلاڑیوں کے گراؤنڈ میں آنے سے پہلے ایئر فریشنر اسپرے کیا۔

ایک صارف نے لکھا، بھارتی ٹیم کے آنے سے پہلے پاکستان نے فضاء کو بہتر بنانے کے لیے اسپرے کیا کیونکہ گائے کے گوبر کی بدبو ناقابل برداشت تھی۔

ایک اور صارف نے ٹویٹ کیا کہ انڈیا کے خلاف میچ کے دوران، پاکستانی ٹیم نے بدبو کی وجہ سے خوشبو دار اسپرے استعمال کیا۔

ایک صارف کا ایکس پر طنزیہ پیغام تھا کہ بھارتی ٹیم کی اسمیل ایسی تھی کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے انہیں گراؤنڈ پر جانے سے پہلے اسپرے کرنا پڑا، اور ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو یا مزاحیہ ٹرولنگ، بھارت ہمیشہ ہارا۔

میمز اور مزاحیہ تبصروں کا یہ طوفان تاحال جاری ہے، ایک صارف نے ٹویٹ لکھا کہ جنگجو پاکستانی خواتین کرکٹرز بھارتی حریفوں کے آتے ہی ایئر فریشینر اسپرے کر رہی تھیں۔

معاملہ سیاست ہو یا کھیل، بھارت اور پاکستان کے درمیان داؤ پیچ سوشل میڈیا پر تبصروں اور میمز کی شکل میں ہمیشہ جاری رہتی ہیں اور تھمنے کا نام نہیں لیتے۔ چاہے کھیل کے میدان میں ہو یا ورچوئل دنیا میں، دونوں طرف کے صارفین اپنی تخلیقی اور مزاحیہ انداز میں ایک دوسرے کو چیلنج کرتے رہتے ہیں۔ ویمنز کرکٹ میچ میں اسپرے کا واقعہ بھی اس سلسلے کی ایک تازہ مثال ہے جس نے شائقین کو نہ صرف ہنسایا بلکہ دونوں ٹیموں کے مابین دلچسپ طنز کو بھی زندہ رکھا۔

دراصل آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت ویمنز کے میچ کے دوران مچھروں کی بہتات نے کھلاڑیوں کو پریشان کردیا، بار بار میچ روکنا پڑا جب کہ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا سمیت دیگر کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں اسپرے کرنا پڑا۔ گراؤنڈ میں مچھروں کی بھرمار اور کھلاڑیوں کی شکایت پر میچ کو کئی بار روک کر مچھروں کے خلاف اسپرے کروایا گیا۔

پاکستانی بولر نشرہ سندھو نے رومال سے مچھروں کو بھگانے کی کوشش کی لیکن مسئلہ نہ حل ہوا۔ پھر ریزرو کھلاڑی ایمان فاطمہ اسپرے کے ساتھ میدان میں آئیں اور کپتان فاطمہ ثنا نے خود بھی اسپرے کر کے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کی۔ کچھ دیر روکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا اور کھیل جاری رہا۔

کرکٹ کے اس کھیل کے ساتھ سوشل میڈیا کا کھیل بھی شروع ہوگیا اور اس میچ کی یہ صورتحال سوشل میڈیا پر خاصی ہنسی اور مزاح کا باعث بنی، تاہم اہم نکتہ یہ ہے کہ مزاق یا طنز میں بھی اخلاقی پہلو کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ شرارتی جملے یا چبھتا ہوا طنز بلاشبہ ماحول کو گرماتا ہے اور سوشل میڈیا پر تبصرے ایک خوشگوار لہر کے ساتھ ہنسنے مسکرانے پر مجبور کر دیتے ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles