
وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کےلیے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ دینےکا اعلان کردیا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی، صوبائی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ریلیف آپریشنز اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے وفاقی کابینہ کے تمام ارکان کی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں، یہ خدمت اور متاثرہ پاکستانی بہن بھائیوں کے دکھوں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے۔ ہمیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے فرق کو بھول کر ایک قوم کی طرح مصیبت زدہ عوام کی مدد کرنی ہوگی۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ خیبرپختونخوا کے متاثرہ اضلاع میں امدادی کاموں کو مزید تیز کریں اور ہر ممکن وسائل فراہم کریں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا اور اس کی نگرانی متعلقہ وفاقی وزراء خود کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء کو ہدایت دی گئی کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اور آخری متاثرہ شخص تک امداد کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بحالی تک موجود رہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت دی گئی کہ وہ صوبائی یا قومی شاہراہوں کی تخصیص میں تاخیر نہ کرے اور امداد کی ترسیل کے لیے راستے فوری کھولے جائیں۔
وزارت مواصلات، این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو متاثرہ علاقوں میں پلوں اور شاہراہوں کی فوری مرمت یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی جبکہ وزیرِ موصلات خود بحالی آپریشن کی نگرانی کریں گے۔ وزیرِ بجلی کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں خود جا کر بجلی کا نظام ترجیحی بنیادوں پر بحال کروائیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فوری طور پر نقصانات کا حتمی جائزہ پیش کرنے اور امدادی اشیاء کی تقسیم کا جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزارت خزانہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ این ڈی ایم اے کو ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارتِ صحت کو کہا گیا کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں طبی ٹیمیں اور ادویات روانہ کرے اور میڈیکل کیمپس قائم کرے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بھی متاثرین کی مدد کے لیے متحرک کیا جائے۔
اجلاس کے دوران سیلاب میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کی وفاقی کابینہ کو بریفنگ
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک وفاقی حکومت، صوبائی انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر اداروں نے مل کر 456 ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں اور 400 سے زائد ریسکیو آپریشن مکمل کر چکے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک کے محتاط اندازے کے مطابق 126 ملین روپے سے زائد کے سرکاری و نجی املاک کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، این ڈی ایم اے کی جانب سے راشن، خیموں، ادویات، میڈیکل ٹیموں و دیگر اشیاء کی فراہمی پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے اشیاء کی تعداد میں مزید اضافے کی ہدایت کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں کے سات بڑے اسپیل گزر چکے ہیں جبکہ مزید دو اسپیلز کی توقع ہے جو ستمبر کے آخری ہفتے تک جاری رہیں گے۔ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر بنیادی ڈھانچے کی بحالی پر کام جاری ہے تاکہ متاثرین کو جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، حکام اور متعلقہ اداروں نے اپنے اپنے علاقوں میں امدادی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیرِ امور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے سوات کے متاثرہ علاقوں کی صورتحال بیان کی، وزیرِ بجلی سردار اویس خان لغاری نے خیبرپختونخوا میں بجلی کی بحالی کے اقدامات پر روشنی ڈالی جبکہ معاون خصوصی مبارک زیب نے باجوڑ کے متاثرہ علاقوں میں کام کی تفصیلات پیش کیں۔ این ایچ اے کے چیئرمین نے مالاکنڈ کے انفراسٹرکچر کی بحالی کی صورتحال سے آگاہ کیا اور سیکریٹری مواصلات نے گلگت بلتستان کی صورتحال کی رپورٹ پیش کی۔
وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیرِ آبی وسائل میاں محمد معین وٹو، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور دیگر حکام نے وزیرِ اعظم کی ہدایات کے مطابق امدادی سرگرمیوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، احسن اقبال، مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، انجینئیر امیر مقام، سردار اویس خان لغاری، سردار محمد یوسف، میاں محمد معین وٹو، معاون خصوصی مبارک زیب، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، وزیرِ اعظم کے چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔