
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور کوچنگ اسٹاف سے متعلق الزامات کی تردید کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے کرکٹ بورڈ نے ہتک آمیز افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پی سی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، تربیتی سیشنز کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، ٹیم کا اتحاد خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ ہتک آمیز افواہیں قومی ٹیم کے وقار پر حملہ ہیں، جھوٹے الزامات پھیلانے والوں پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمات ہوں گے۔
پی سی بی نے عوام اور میڈیا کو غیر مصدقہ مواد سے اجتناب کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی ساکھ اور کھلاڑیوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔