
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر نجی ایئر لائن کی کراچی جانے والی پرواز اس وقت حادثے سے بال بال بچ گئی جب ٹیک آف سے پہلے رن وے پر ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پرندہ سامنے سے آتے ہوئے جہاز سے ٹکرایا، جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر ٹیک آف منسوخ کر دیا۔
واقعہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز کے ساتھ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق جہاز کو فوری طور پر واپس پارکنگ ایریا میں منتقل کر دیا گیا اور مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ متعلقہ ایئرلائن کے پائلٹ نے ایئرپورٹ اتھارٹی کو ابتدائی رپورٹ دیتے ہوئے بتایا کہ پرندہ طیارے کے سامنے والے حصے سے آ کر ٹکرایا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق انجینئرنگ ٹیم نے فوری طور پر طیارے کا معائنہ شروع کر دیا ہے تاکہ طیارے کو درپیش کسی ممکنہ نقصان کا جائزہ لیا جا سکے۔ طیارے کی تکنیکی جانچ کے مکمل ہونے تک پرواز کو روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کے ٹکراؤ کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر ایوی ایشن حکام نے پرندوں کی روک تھام کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔