ایف پی سی سی آئی کا ہڑتال سے دستبرداری کا اعلان، کراچی چیمبر آج کاروبار بند رکھے گا


فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) نے آج ملک گیر ہڑتال نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد متفقہ طور پر ہڑتال نہ کرنے پر رضامند ہو گئی ہے۔
عاطف اکرام کا کہنا تھا کہ کچھ دوست ناراض ضرور تھے، لیکن میٹنگ کے بعد وہ بھی ہمارے ساتھ متفق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے متنازع شقیں واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ سفارشات کی حتمی منظوری وزیر اعظم دیں گے۔
تاجر رہنما اجمل بلوچ نے کہا کہ آج تمام تاجر اور چیمبرز ایک پیج پر ہیں۔ مذاکرات چار گھنٹے تک جاری رہے۔ ہمیں ایک ماہ کے اندر تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ اگر ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو ہم احتجاج کا راستہ اپنانے سے گریز نہیں کریں گے۔
عاطف اکرام نے بتایا کہ پورے پاکستان کے چیمبرز ہمارے ساتھ ہیں، میٹنگ کا ماحول مثبت رہا اور معاملات بات چیت سے حل ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہڑتالوں سے مسائل حل نہیں ہوتے، اس کے بجائے مذاکرات سے ہی بہتر نتیجہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے بتایا کہ ایف بی آر اور چیمبرز کے نمائندوں پر مشتمل چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو مشترکہ طور پر تمام ایشوز کو حل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات بہترین ماحول میں ہوئے، اور تاجر برادری نے یقین دہانی کروائی ہے کہ احتجاج نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام مطالبات حکومت نے مان لیے ہیں اور اب وزیر اعظم ان کی حتمی منظوری دیں گے۔ اگر کسی کو کوئی تحفظات ہیں تو وہ بھی جلد حل کر لیے جائیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles