کراچی: سعودی عرب سے والد کے انتقال پر آیا نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل


کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعہ قذافی چوک کے قریب اس وقت پیش آیا جب 24 سالہ جبران اپنے گھر کی دہلیز پر بیٹھا موبائل فون استعمال کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان وہاں پہنچے اور لوٹ مار کی کوشش کی۔
جبران نے ڈکیتی کی کوشش پر مزاحمت کی تو ملزمان نے اسے نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی۔ گولی سیدھی جبران کے سینے میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ لاش کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول جبران سعودی عرب میں ملازمت کرتا تھا اور والد کے انتقال پر چند روز قبل ہی کراچی آیا تھا۔ جبران کے والد کا انتقال یکم محرم کو ہوا تھا۔ مقتول اپنے پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں لوڈشیڈنگ کے باعث اندھیرا تھا، جس کا فائدہ اٹھا کر ملزمان با آسانی واردات کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتیں عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنا رہی ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles