
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا مطلع صاف رہے گا اور ہواؤں کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت سروں کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور گرمی سے متعلقہ بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔