ثنا یوسف کے قتل پر شوبز شخصیات کا شدید ردعمل، انصاف کی اپیل

اسلام آباد میں 17 سالہ ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کے بےرحمانہ قتل نے نہ صرف عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے بلکہ شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد نامور فنکاروں نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے قاتل کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک 22 سالہ نوجوان ثنا یوسف کے گھر میں گھس آیا اور اسے سینے میں دو گولیاں مار کر موقعے سے فرار ہوگیا، بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے 20 گھنٹوں کے اندر ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا۔
سوشل میڈیا پر الفت بکھیرنے والی ثناء یوسف کی داستان

پولیس کے مطابق ملزم مقتولہ سے یک طرفہ تعلق قائم کرنا چاہتا تھا اور انکار پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

فنکاروں کا شدید ردعمل

اداکارہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ایسے قاتلوں کو سزا نہ دی گئی تو یہ سلسلہ کبھی نہیں رکے گا، اس کا چہرہ سامنے لائیں اور اسے عبرت کی مثال بنائیں۔

اداکارہ ماورا حسین نے بھی اس سانحے کو معاشرے میں جڑ پکڑتی زہریلی سوچ کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ جب میڈیا اور ڈرامہ انڈسٹری زبردستی کے رشتوں، جنونی محبت اور انکار کو رومانس میں لپیٹ کر پیش کرتی ہے، تو نوجوانوں کے ذہنوں میں خطرناک بیج بوئے جاتے ہیں۔

مایا علی نے اس واقعے کو غیرت کے نام پر ظلم کی ایک اور المناک کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف انکار کرنے پر ایک معصوم لڑکی اپنی جان سے گئی، ہمیں صرف افسوس نہیں بلکہ انصاف چاہیے۔

اداکارہ نمرہ خان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے واقعات پر کم ہی بولتی ہیں، مگر ثنا کی معصومیت نے ان کی روح تک ہلا دی۔

شوبز شخصیات کا ثنا یوسف کیلئے انصاف کا مطالبہ

اداکار عمران عباس نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لڑکیوں کے خلاف نام نہاد غیرت کے نام پر ہونے والے جرائم کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔

اداکارہ سجل علی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایک لڑکی نے صرف ‘نہیں’ کہا اور اسے جان سے مار دیا گیا، ہم کیسا بےحس معاشرہ بن چکے ہیں؟

در فشاں سلیم نے مردانہ سوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک عورت انکار کرتی ہے، تو کئی مردوں کی محبت غصے میں اور عزت ملکیت میں بدل جاتی ہے۔

اس کے علاوہ فرحان سعید، زارا نور عباس اور عاصم اظہر سمیت کئی فنکاروں نے بھی قاتل کو کڑی سزا دینے اور ایسے جرائم کے خلاف مضبوط عدالتی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ گلوکار عاصم اظہر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بیٹوں کو تربیت دیں کہ خواتین کا انکار قبول کرنا سیکھیں۔

یہ واقعہ نہ صرف ایک معصوم جان کے ضیاع کا المیہ ہے، بلکہ یہ معاشرتی رویوں اور میڈیا کے کردار پر ایک سنجیدہ سوال بھی اٹھا رہا ہے، فنکار برادری اور عوام دونوں یک زبان ہیں کہ اگر ایسے مجرموں کو فوری اور مثالی سزا نہ دی گئی، تو یہ زہریلا سلسلہ مزید جانیں لیتا رہے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles