کراچی: بااثر شخص کا نوجوان پر سرعام تشدد، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل


کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک بااثر شخص کی جانب سے نوجوان پر سرعام تشدد کا واقعہ منظر عام پر آیا ہے، جس کی ویڈیو جنگل میں آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔ ویڈیو میں متاثرہ نوجوان اور اُس کی بہن کو تشدد کرنے والے شخص کے سامنے گڑگڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جو شہریوں میں شدید غم و غصے کا باعث بن رہا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق واقعے کی اطلاع کسی شہری نے پولیس کو نہیں دی، بلکہ سوشل میڈیا سے اس کا علم ہوا۔ پولیس نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعہ کس مقام پر اور کن وجوہات کی بنا پر پیش آیا، اس کی مکمل چھان بین جاری ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں تشدد کرنے والے شخص کی شناخت سلمان فاروقی کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ اپنے سکیورٹی گارڈ کے ہمراہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان فاروقی اور اس کے گارڈ نے قانون کو ہاتھ میں لیا، جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی بااثر فرد کو استثنیٰ حاصل نہیں۔ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ متاثرہ شہری کو انصاف مل سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles