ملک کے انچ انچ کی حفاظت کیلئے اپنے بچے بھی قربان کر دیں گے، شیخ وقاص اکرم


پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی اور اس پر پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پہلے دن سے خبردار کر رہے تھے کہ بھارت ایک بار پھر بےغیرتی کرے گا۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ میں اپنے روایتی دشمن کو واضح اور فیصلہ کن شکست دی ہے، اور پوری قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان کا ایک ایک انچ مقدس ہے اور ہم اس کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جینا ہمارا حق ہے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ملک میں حقیقی یکجہتی چاہئے تو فسطائیت کو ختم کرنا ہوگا۔
شیخ وقاص اکرم کی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیک ڈور رابطوں کی تردید
یہ وقت بریفنگ کا نہیں، قوم کو اکٹھا کرنے کا ہے، شیخ وقاص اکرم
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حقیقی قومی یکجہتی کا تقاضا یہ ہے کہ تمام طبقات کو برابر کا شہری تسلیم کیا جائے اور اختلاف رائے کو دبانے کی بجائے سنا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بیرونی محاذ پر کامیابیوں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن اندرون ملک عوام کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے، وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بیرونی دشمن کے خلاف تو پوری قوم ایک ہے، لیکن حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اندرونی محاذ پر آمریت کا رویہ ترک کرے اور حقیقی جمہوریت کی طرف لوٹے، تاکہ پاکستان اندرونی طور پر بھی مضبوط ہو اور بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی عزت کے ساتھ جینے کا حق ملے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles