
راولپنڈی کے تمام تعلیمی اداروں میں 28 مئی سے 14 اگست تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا جبکہ کمشنر راولپنڈی کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 28 مئی سے 14 اگست 2025 تک گرمیوں کی تعطیلات کے سلسلے میں بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران کسی بھی اسکول میں امتحانات یا سمر کیمپ کا انعقاد ممنوع ہوگا، تمام تدریسی عملے کو چھٹی پر رکھا جائے گا جبکہ صرف انتظامی امور کے لیے محدود اسٹاف کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی بھی نجی اسکول 3 ماہ کی ایڈوانس فیس وصول نہیں کرے گا بلکہ صرف ماہانہ بنیاد پر فیس لی جا سکے گی جبکہ چھٹیوں کے بعد اسکول 15 اگست 2025 بروز جمعے سے دوبارہ کھلیں گے، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
کمشنر راولپنڈی نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام اسکولز میں تعطیلات سے متعلق جاری نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔