ملک بھر میں موسم گرم اور خشک، چند علاقوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان


محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں آندھی، تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا، شمالی اور جنوب مشرقی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آندھی کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
راولپنڈی، مری، پشاور، دیر، سوات، کوئٹہ، ژوب اور بارکھان میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں جزوی طور پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محکمہ موسمیات کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles